About Me

My photo
Fazal Hussain Awan colomnist Daily NAWAI WAQT awan368@yahoo.com 03334215368

Sunday, February 12, 2012

ترکی کے بعد شہباز کی جرمنی کی بھی کامیاب پرواز

اتوار ، 12 فروری ، 2012

ترکی کے بعد شہباز کی جرمنی کی بھی کامیاب پرواز
فضل حسین اعوان 
دورے کے چوتھے روز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جرمن آرٹسٹوں، وکلائ، صحافیوں اور دانشوروں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی شہرت کے حامل فنکار، موسیقار اور مصور پیدا کئے ہیں۔ پنجاب جرمنی کے ساتھ دانشوروں اور فنکاروں کے ایکسچینج پروگرام کو خوش آمدید کہے گا۔ لاہور علم و فن کا گہوارہ ہے، جرمن پینٹنگز کی نمائش کیلئے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی تخلیقی عمل میں رکاوٹ پیدا نہیں کر سکتی۔ جرمنی کے ساتھ پاکستان کے عظیم ثقافتی و تہذیبی رشتے ہیں اور اسے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی درس گاہ ہونے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔ جرمن فنکاروں اور دانشوروں نے تعلیم کے فروغ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوششوں کی تعریف کی۔ محمد شہباز شریف نے ملتان سے اغوا ہونے والے جرمن باشندے کی اہلیہ سے برلن میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے شوہر کی جلد از جلد بازیابی کی کوشش کی جائے گی، آپ کے شوہر کے اغوا پر مجھے اور میری حکومت کو سخت تشویش ہے۔ مغوی جرمن اہلکار کی اہلیہ نے وزیر اعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات کے بعد میرا حوصلہ بڑھا ہے۔ اسی روز برلن میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ کامران مائیکل، سیکرٹری زراعت عارف ندیم، رکن صوبائی اسمبلی چودھری ارشد جٹ، پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ کے وائس چیئرمین مفتاح اسماعیل، پی ایم ایل (این) برطانیہ کے صدر زبیر گل اور پاک جرمن کونسل کے صدر شاہد ریاض گوندل اور بڑی تعداد میں جرمن میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ میں نے زرعی ایکسپورٹ کے ذریعے پنجاب کے دیہات کی پسماندگی کو خوشحالی میں بدلنے کا عزم کر رکھا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان فوڈ آئٹمز برآمد کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہوگا۔ یورپی سرمایہ کار پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھیں۔ میں خود یورپی سرمایہ کاروں کے سرمائے کے تحفظ کی نگرانی کروں گا۔ پریس کے نمائندوں نے جرمن زبان میں خطاب پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا اور انہوں نے دورے کے اخراجات ذاتی جیب سے ادا کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کے ساتھیوں کی تعریف کی۔ جرمن صحافیوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے طرز عمل کی پیروی مغربی دنیا کے رہنماﺅں کو بھی کرنی چاہئے۔ دورے کے آخری روز 22 جنوری کو برلن میں مقیم سفارتکاروں‘ بین الاقوامی ماہرین اقتصادیات اور سرمایہ کاروں نے برلن میں پاکستان کی زرعی اجناس کی نمائش کو پنجاب اور پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
نمائش کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں اپنی اور پاکستانی وفد کی شاندار پذیرائی پر جرمنی کی سیاسی قیادت اور اعلیٰ حکام کا شکر گزار ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میرا دورہ پاکستان کی زرعی اجناس کی برآمد میں فروغ کے ساتھ ساتھ پاک جرمن تعلقات کو مضبوط تر بنانے کا باعث بنے گا۔(ختم شد)


No comments:

Post a Comment