About Me

My photo
Fazal Hussain Awan colomnist Daily NAWAI WAQT awan368@yahoo.com 03334215368

Thursday, June 30, 2011

روشنی کا سفر


جمعرات ، 30 جون ، 2011



روشنی کا سفر
فضل حسین اعوان
اس افراتفری، خودغرضی اور مکر و فریب کے دور میں دنیا سے خیر اٹھی ہے نہ انسانوں اور انسانیت کے خیر خواہ معدوم اور مفقود و لاموجود ہوئے ہیں۔ صدق و صفا کے چراغ ظلمتِ شب میں حق و صداقت کی راہوں کو منور کئے ہوئے ہیں۔ چراغ سے چراغ جل رہا ہے، شمع سے شمع فروزاں ہو کر نور بکھیر رہی ہے۔ کہیں انسان کی اتنی اونچی اڑان ہے کہ تڑپتی بلکتی سسکتی انسانیت پر اس کی نظر ہی نہیں پڑتی۔ کہیں انسان، انسانیت کو کرب، زندگی و موت کی حرب میں دیکھتا ہے تو اس کے ضبط و برداشت کے تمام بندھن ٹوٹ جاتے ہیں۔ شدت غم و الم اسے انسانیت کی دیوانہ وار خدمت پر مائل کر دیتی ہے۔ انسانیت کو مصائب کے بھنور سے نکالنے کا جذبہ لامحدود وسائل سے بہرمند اور محض اپنی ضروریات پوری کرنے پر کاربند، کسی بھی شخص کے دل میں موجزن ہو سکتا ہے۔ بے وسیلہ انسان بھی خلق خدا کی خدمت کا عہد کرے تو ذاتِ باری تعالیٰ اس کی نیت کو ثمربار کر دیتی ہے۔ ہم سے ہر کوئی صاحبِ ثروت ہو یا تصویر عسرت و غربت، اپنے حصے کی شمع روشن کر سکتا ہے۔ راستے سے پتھر اٹھا دینا، نابینا کو راستہ دکھا دینا، معذور کی ڈھارس بندھا دینا، کچھ نہ ہو سکے تو دوسروں کیلئے نیک جذبات رکھنا اور دعا دے دینا بھی سراسر خیر ہے۔ روشنی کا سفر ہے۔جب بندہ ¿ خدا، خدا کے بندوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کمر باندھ لیتا ہے تو خدا بھی اس کے مشن کو خود تھام لیتا ہے۔ پھر کامیابیوں کا سفر، کامرانیوں کا سفر اور روشنی کا سفر شروع، بندہ ¿ خدا روشنی کا سفیر بن جاتا ہے۔
تاریخ انسانیت کے خدمت گاروں کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ آج ہم ذکر کریں گے شادباغ لاہور میں محمدی آئی کیئر سنٹر کا۔ یہ شمع 1979ءمیں محمد شفیق جنجوعہ نے روشن کی جو آج مینارہ ¿ نور بن کر روشنی کی کرنیں پورے ملک میں بکھیررہی ہے۔ محمدی آئی کیئر سنٹر شفیق جنجوعہ اور ان کے صاحبزادگان کی شبانہ روز کاوشوں کے باعث اب آئی کمپلیکس کا روپ دھار گیا ہے جہاں نہ صرف امراضِ چشم بلکہ امراض قلب سمیت دیگر امراض کا علاج بھی ہوتا ہے۔ غریب لوگوں کیلئے بالکل فری، سفید پوش اور امراءاپنے اخراجات خود برداشت کریں تو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ غریب ہو ، سفید پوش یا امیر کبیر، سب کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے۔ ایسا سسٹم ہے کہ جو مفت علاج کراتے ہیں اس کا علم علاج کرانے والے اور خدا کے سوا کسی کو نہیں۔ محمدی آئی کیئر سنٹر (میک) کی خدمات کو اہل علاقہ نے سراہا، اپنا کردار ادا کیا اور استفادہ کیلئے لوگ کھنچے چلے آئے۔ آج صورتحال یہ ہے کہ جدید ترین سہولتوں سے آراستہ اس کمپلیکس کی تنگ دامانی اس میں توسیع کی متقاضی ہے۔ اس کے پیش نظر میک کیلئے 40 مرلے کی دو منزلہ عمارت خریدی گئی ہے جس میں جدید ترین مشینری کی تنصیب، آپریشن تھیٹرز کی تعمیر اور دیگر ضروریات کیلئے 10 کروڑ روپے کے اخراجات متوقع ہیں۔ محمد شفیق جنجوعہ اور ان کی ٹیم کو یقین محکم ہے کہ یہ اخراجات بھی پورے ہو جائیں گے، کہاں سے؟ جہاں سے اب تک پورے ہوتے آئے ہیں۔ 
جنجوعہ صاحب اور ان کے ساتھیوں نے انسانیت کےلئے اپنی خدمات کو صرف علاج معالجے تک ہی محدود نہیں رکھا بلکہ اپنے مشن کو ہمت ٹرسٹ کا نام دے کر دیگر شعبوں تک بھی پھیلادیا ہے۔ مستحق طلباءو طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لئے سکالرشپ دے رہے ہیں، خواتین کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ ہے۔ پشاور میں 2001ءمیں لڑکیوں کے پرائمری سکول کی بنیاد رکھی، آج یہ سکول ڈگری کالج بن چکا ہے۔ 2005ءکے قیامت خیز زلزلے کے بعد ہمت ٹرسٹ نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے متاثرین کو گھروں کی تعمیر کیلئے مٹیریل فراہم کیا۔ تعمیر متاثرین نے ایک دوسرے سے مل کر خود کی۔ کئی سال سے قربانی پراجیکٹ کے تحت غرباءمیں گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔ روزگار سکیم بڑی کامیابی سے جاری ہے جس میں خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی جاتی ہیں اور مردوں کو مالی امداد کے ساتھ کاروبار کرنے کیلئے رہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ روشنی کا سفر کبھی تمام نہیں ہوتا۔ جاری رہتا ہے۔آپ کے سامنے بھی روشنی کا سفر ہے۔ آپ بھی روشنی کے سفیر بن سکتے ہیں۔ آپ جس حیثیت میں بھی ہیں اپنے حصے کی شمع روشن کر سکتے ہیں، چھوٹی سی تنظیم بنا سکتے ہیں، بہت بڑا ٹرسٹ بنا سکتے ہیں۔ انسانی خدمت کے مواقع اور راستے بیشمار ہیں۔ کسی قیدی کو چھڑوا سکتے ہیں، کسی بیگناہ کی ضمانت کرا سکتے ہیں، کسی بیٹی کے ہاتھ پیلے کرا سکتے ہیں، کسی کو قرض سے نجات دلا سکتے ہیں، کسی کے کفن دفن کا اہتمام، کسی کو موت کے منہ میں جانے سے روکنے کا انتظام کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ! آپ کے پاس وقت محدود اور راستے مسدود ہیں تو ہمت ٹرسٹ کو اپنے عطیات دے کر اسی روشنی کے سفیر بن سکتے ہیں۔رابطے کیلئے فون نمبر ہے۔ 042-37285841,35512742, 0333-4217818اکاﺅنٹ نمبر 0221-01002270 بنک الفلاح شادباغ لاہور



No comments:

Post a Comment